نئی دہلی، 24دسمبر(آئی این ایس انڈیا)دہلی کانگریس کے لیڈران اور کارکنوں نے نوٹ بندی کی وجہ سے غیر منظم علاقے کے کارکنوں کی مبینہ واپسی کے خلاف آج یہاں جنتر منتر پر مظاہرہ کیا اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے لگائے گئے الزامات پر وزیر اعظم نریندر مودی سے جواب مانگا۔دہلی ریاستی کانگریس صدر اجے ماکن نے جنتر منتر سے پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف ”پلاین کرو اور جواب دو“ مارچ کی قیادت کی۔ پولیس نے پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانے کے قریب مظاہرین کو روک دیا۔ ماکن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ نوٹ بندی منصوبہ بندی کو غلط طریقے سے لاگو کئے جانے کی وجہ سے لاکھوں تارکین وطن کارکنان بے روزگار ہو گئے اور وہ اپنے آبائی ریاستوں کو واپس لوٹنے لگے ہیں۔ ماکن نے دعوی کیا کہ منصوبے کو غلط طریقے سے لاگو کئے جانے کی وجہ سے دہلی میں غیر منظم علاقے کے قریب 48لاکھ کارکنان متاثر ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ واپس لوٹ رہے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا لاکھوں کارکنان اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں اور ہر دن 10سے 15ہزار کارکنان لوٹ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ بولتے ہوئے ماکن نے مطالبہ کیا کہ کانگریس نائب صدر کی طرف سے لگائے گئے کرپشن کے الزامات کا ان کو جواب دینا چاہئے۔ماکن نے کہا کہ جب نریندر مودی کیش لیس معیشت کی بات کرتے ہیں تو انہیں کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا بھی جواب دینا چاہئے۔